وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بجٹ پر پارلیمانی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس

ترجیحات کا تعین عوامی ضروریات کے مطابق، بجٹ میں شفافیت اور فلاح عامہ اولین حیثیت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت آئندہ مالی سال 2025-2026 کے بجٹ کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد بجٹ تجاویز کو قابلِ عمل، جامع اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنانا تھا۔

اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں، سماجی شعبوں کی بہتری اور مالی نظم و نسق پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بجٹ میں شفافیت، فلاح عامہ اور توازن کو بنیادی رہنما اصول بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم ایسا بجٹ لا رہے ہیں جو صرف اعداد کا مجموعہ نہیں، بلکہ بلوچستان کی ترقی کا ایک جامع روڈ میپ ہوگا۔”
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ مالیاتی نظم و ضبط اور کفایت شعاری بجٹ کے بنیادی جزو ہوں گے، اور بجٹ میں نوجوانوں، خواتین اور کمزور طبقات کے لیے خصوصی اقدامات شامل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بجٹ کو مؤثر، جامع اور حقیقی معنوں میں عوام دوست بنایا جائے گا۔ مشاورتی عمل کا مقصد سیاسی اتفاقِ رائے اور اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانا ہے تاکہ ایک ایسا مالی منصوبہ تشکیل دیا جائے جو صوبے کے تمام طبقات کی نمائندگی کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بجٹ کی ترجیحات عوام کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھ کر طے کی جا رہی ہیں، تاکہ عام شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert