پنجاب میں ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کے لیے رجسٹریشن کا آج آخری دن، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی

لاہور (قدرت روزنامہ)محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر کے تمام ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز اور رہائشی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کیلئے “Hotel Eye” سافٹ ویئر پر رجسٹریشن کی آج 15 جون 2025 آخری تاریخ ہے۔ یہ اقدام دہشت گردی، جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے کیا گیا ہے۔
تمام ہوٹل مالکان http://hoteleye.punjab.gov.pk پر گھر بیٹھے آسانی سے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ آن لائن بکنگ پلیٹ فارمز جیسے Airbnb یا Booking.com سے بکنگ کروانے والوں کا ڈیٹا بھی رجسٹریشن میں شامل کیا جائے گا۔
رجسٹریشن نہ کروانے والے ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کے خلاف “پنجاب انفارمیشن آف ٹمپریری ریذیڈنس ایکٹ 2015” کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تمام ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس مالکان اپنے لاگ اِن کے ذریعے مہمانوں کی مکمل معلومات فراہم کرنے کے پابند ہوں گے، تاکہ ملکی و غیر ملکی رہائشیوں کی تصدیق ممکن ہو اور جرائم پر قابو پایا جا سکے۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ وہ تمام ادارے جنہوں نے تاحال رجسٹریشن نہیں کرائی، وہ فوری طور پر “ہوٹل آئی” سسٹم پر رجسٹر ہوں تاکہ قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔