ریکوڈک مائننگ کمپنی کا نوکنڈی میں مارکیٹ سروے، مقامی تاجروں کو سپلائی چین میں شامل کرنے کا عزم

نوکنڈی(قدرت روزنامہ)ریکوڈک مائننگ کمپنی (RDMC) نے اپنے سپلائر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نوکنڈی میں ایک جامع مارکیٹ سروے کا انعقاد کیا، جس کا مقصد مقامی تاجر برادری کو کمپنی کی سپلائی چین میں شامل کرنا اور علاقائی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ RDMC کی مختلف شعبوں پر مشتمل ٹیم، جس میں پروکیورمنٹ، کمیونٹی ریلیشنز، انوینٹری کنٹرول، مینٹیننس، کمیونی کیشنز اور وینڈر پارٹنرز کے نمائندگان شامل تھے، نے مقامی دکان داروں، تاجروں اور سپلائرز سے براہِ راست ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر دستیاب اشیائ، اسٹاک کی صلاحیت اور خدمات کے معیار کا جائزہ لیا گیا جبکہ کاروباری افراد سے انفرادی سطح پر گفتگو بھی کی گئی تاکہ ان کی صلاحیتوں، چیلنجز اور RDMC کے ساتھ ممکنہ شراکت داری کے بارے میں بہتر فہم حاصل کی جا سکے۔ کمپنی کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام مقامی معیشت کو مضبوط بنانے، روزگار کے مواقع بڑھانے اور کمپنی و کمیونٹی کے درمیان دیرپا تعلقات قائم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ آر ڈی ایم سی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ مقامی سطح پر زیادہ سے زیادہ خریداری کو فروغ دے کر علاقائی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے گی، تاکہ نہ صرف اپنے آپریشنز کو مستحکم بنایا جا سکے بلکہ مقامی کاروباری طبقے کو بھی ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
