سردیوں میں گاڑی کی ونڈ سکرین پر جمی کُہر کو کیسے صاف کیا جاسکتا ہے؟ آسان ترین طریقہ جاانیئے

نیویارک(قدرت روزنامہ) زیادہ سردی والے علاقوں میں لوگوں کو ایک یہ مسئلہ بھی درپیش ہوتا ہے کہ ان کی گاڑیوں کی ونڈ سکرین پر کہر جم جاتی ہے، جو کپڑے سے بمشکل صاف ہوتی ہے اور شیشہ خراب ہونے کا بھی اندیشہ ہوتا ہے۔ تاہم اب ایک شخص نے اس کہر کو صاف کرنے کا ایک انتہائی آسان اور محفوظ طریقہ بتا دیا ہے۔ دی سن کے مطابق اس طریقے میں آپ کو صرف گرم پانی اور ایک سینڈوچ بیگ کی ضرورت ہو گی۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں اینڈریو ہوسٹن نامی یہ امریکی شخص سینڈوچ بیگ میں گرم پانی ڈال کر اسے بند کرتا ہے اور اسے لیجا کر اپنی گاڑی کی ونڈ سکرین پر پھیرنا شروع کر دیتا ہے۔ جہاں جہاں گرم پانی والا بیگ پھرتا جاتا ہے، سکرین پر جمی ہوئی کہر فوراً سے پیشتر صاف ہوتی چلی جاتی ہے۔ اینڈریو کی یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جسے اب تک 30لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں اور 12ہزار سے زائد لوگ اس پر کمنٹس کر چکے ہیں جن کا کہنا ہے کہ اینڈریو نے یہ طریقہ بتا کر ان کی زندگی آسان کر دی ہے۔