ماہرہ پاکستان کی شاہ رخ خان ہیں: حرا ترین

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ حرا ترین نے ماہرہ خان کو پاکستان کی شاہ رخ خان قرار دے دیا۔گزشتہ دنوں حرا ترین نے اپنے شوہر علی سفینا کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی تھی جہاں اُنہوں نے اپنی ازدواجی زندگی، معاشرتی مسائل سمیت اپنے کیرئیر کے حوالے سے بات چیت کی۔
دوران پروگرام میزبان احسن خان کی جانب سے ایک سیگمنٹ رکھا گیا جس میں اداکارہ کو یہ بتانا تھا کہ اُنہیں کس اداکارہ کی اداکاری پسند نہیں۔اس سیگمنٹ کے دوران علی سفینا نے اہلیہ کی طرف سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حرا کو ماہرہ خان کی اداکاری پسند نہیں۔
شوہر کی بات سے متفق نہ ہوتے ہوئے حرا ترین نے کہا کہ ‘ مجھے ماہرہ خان کی اداکاری بہت پسند ہے بلکہ شوبز انڈسٹری میں سب سے زیادہ اُن کا کام ہی پسند آتا ہے۔‘حرا ترین نے کہا کہ ’ماہرہ خان تو پاکستان کی شاہ رخ خان ہیں۔‘دوسری جانب علی سفینا نے کہا کہ ’ماہرہ کام اچھا کرتی ہیں لیکن میرے خیال میں اُنہیں مزید اپنی اداکاری پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘واضح رہے کہ اداکارہ حرا ترین اور علی سفینا نے سال 2013 میں شادی کی تھی اور اس جوڑی کے ہاں شادی کے چار سال بعد دسمبر 2017 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔