موجودہ قیادت تحریک انصاف کو نہیں چلا پا رہی،عمران خا ن سیاسی لوگوں کو آگے لے کر آئیں.فواد چوہدری

لاہور(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان سیاسی لوگوں کو آگے لے کر آئیں، پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت بیرون ملک میں بیٹھی ہے ہم اور کارکن عدالتوں میں کیسز کا سامنا کر رہے ہیں، موجودہ قیادت تحریک انصاف کو نہیں چلا پا رہی. انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جس طرح ہم نے نو مئی کے بعد سختیاں برداشت کی ہیں موجودہ قیادت نہیں کر سکتی اگر موجودہ قیادت ہوتی تو وہ جوتی چھوڑ کر بھاگ جاتے،عمران خان سے گزارش کرتا ہوں کہ سیاسی لوگوں کو آگے لے کر آئیں .
فواد چوہدری نے کہا کہ ایران کے ساتھ اس وقت پاکستان کے عوام کا کھڑا ہونا ضروری ہے، ایران میں رجیم چینج بڑا نقصان ہوگا، ہمیں ہر صورت میں اپنے ایرانی دوستوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے ایڈمن جج منظر علی گل نے 9 مئی جلا ﺅگھیراﺅ کے 5 مقدمات میں سابق وفاقی وزیر کی عبوری ضمانتوں کی سماعت کی، پراسیکیوشن کی جانب سے ریکارڈ پیش نہ کیا گیا. پراسیکیوٹر نے کہا کہ تمام ریکارڈ لاہور ہائیکورٹ میں موجود ہے، ریکارڈ نہ ہونے کی وجہ سے عبوری ضمانتوں میں توسیع کی جائے جس پر عدالت نے سابق وزیر فواد چوہدری کی عبوری ضمانتوں میں 8 اگست تک توسیع کر دی.