معاشی استحکام کیلیے زرعی ایمرجنسی ناگزیر ، بلاول قومی اسمبلی میں کسانوں کی آواز بنے مبارکباد دیتا ہوں:میاں منظور احمد وٹو

لاہور (قدرت روزنامہ) نیشنل پبلک فورم کے چیئرمین سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد خاں وٹو نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کےلیے زرعی ایمرجنسی ناگزیر ہے میں بطور کسان بلاول بھٹو زرداری کی تجاویز کی تائید کرتا ہوں یہی سوچ آج پاکستان کے ہر کسان کی ہے، کسان آج اجناس کی قیمتوں اور مہنگے ترین کھاد، بیج، ڈیزل کی وجہ سے جس دکھ اور تکلیف میں مبتلا ہے ایسی آزمائش سے وہ اس سے پہلے کبھی نہیں گزرا، خوشی ہوئی ہے کہ پاکستان کی بڑی سیاسی اور پارلیمانی جماعت کے لیڈر نے سیاست کی مصلحتوں سے بالا تر ہو کر کسانوں کے مسائل پر آواز اٹھائی، حکومت بلاول بھٹو زرداری کی مفاد عامہ میں دی جانے والی تجاویز کو من و عن قبول کرے اس سے حکومت کی اپنی نیک نامی میں اضافہ ہو گا۔
میاں منظور احمد خاں وٹو نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو درست پیغام دیا ہے کہ وہ خطے کے امن سے مت کھیلے اور اچھے ہمسایہ کی طرح رہے بلاول کی اس گفتگو سے پاکستان کے نوجوانوں کو نیا حوصلہ ملا ہے، بلاول بھٹو نے نہایت نپے تلے الفاظ میں پاکستان کا مقدمہ پیش کیا اور امن کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کیا
میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو داخلی سطح پر اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے، پاکستان کی ترقی کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز اور طبقات کو ساتھ لے کر چلا جائے، ان میں کسانوں کو سرفہرست رکھا جائے، فوڈ سیکیورٹی کے لیے کسانوں کے تمام مسائل حل کرنا ہونگے، مضبوط کسان پاکستان کو کبھی کمزور نہیں ہونے دے گا۔