پولیس کا ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ کے گھر بلا وارنٹ چھاپہ، پشتونخوا نیپ کی شدید مذمت

چادر و چاردیواری کی پامالی برداشت نہیں، ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے,نصراللہ زیرے
کوئٹہ(قدرت روزنامہ )پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے جاری کردہ بیان میں پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے اور یونیورسٹی سٹاف ایسوسی ایشن و گرینڈ الائنس کے رہنما پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ کی رہائش گاہ پر پولیس کے غیر قانونی و بلاجواز چھاپے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان کے مطابق 23 اور 24 جون کی درمیانی شب رات 2 بجے پولیس کی بھاری نفری نے بغیر کسی وارنٹ کے چھاپہ مارا، چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا اور نصراللہ خان زیرے کے بیٹے سے ویڈیو بنانے پر موبائل بھی چھین لیا گیا۔پارٹی نے اس واقعے کو ریاستی جبر کا تسلسل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی چھاپے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ گرینڈ الائنس اپنے جائز مطالبات کے لیے پرامن احتجاج کر رہا ہے مگر حکومت نے بجٹ وعدے سے انحراف کے بعد احتجاجی قیادت کو دبانے کے لیے گرفتاریوں اور دھمکیوں کا راستہ اپنایا ہے۔ پشتونخوا نیپ نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

WhatsApp
Get Alert