بشریٰ انصاری کو کونسی 3 بالی ووڈ فلموں کی پیشکش ہوئی تھی؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں تین بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی۔چند روز قبل بشریٰ انصاری نے سرکاری ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی۔اس شو میں بشریٰ انصاری نے میزبان کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ کچھ سال قبل انہیں تین بالی ووڈ فلموں کی پیشکش ہوئی تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ’ان سے فلم ’دل دھڑکنے دو‘ میں اداکار انیل کپور کی بیوی کا کردار ادا کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا تھا، جسے بعد میں شیفالی شاہ نے ادا کیا تھا‘۔انہوں نے بتایا کہ’ وہ اس پراجیکٹ کا حصّہ ہوتیں لیکن اس فلم کی اسکرپٹ کے حوالے سے کچھ غلط فہمیاں ہوگئی تھیں‘۔
بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ ’اس کے علاوہ دو سال قبل پلوامہ حملے سے قبل انہیں بھارت کے بڑے پروڈکشن ہاؤس کی طرف سے ایک بڑے بجٹ کی فلم میں اکشے کمار کی سکھ ماں کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی گئی تھی جوکہ بھارتی ہدایتکار کرن جوہر کی فلم ’کیسری‘ تھی‘۔
جبکہ اداکارہ بشریٰ انصاری کوپہلی بالی ووڈ پیشکش 2003 میں آرٹ فلم ’خاموش پانی‘ کے لیے ہوئی تھی۔وہ اپنی خاندانی زندگی خصوصاً اپنی بیٹی کی تعلیم کی وجہ سے اسے سائن نہیں کر سکیں اور پھر اس فلم میں ان کی جگہ بالی ووڈ اسٹار کرن کھیر نےکام کیاتھا۔