بلوچستان حکومت قابل تجدید توانائی کو فروغ دے رہی ہے، سرمایہ کاری بورڈ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ سے ان کے آفس میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (OGRA) کے رکن زین العابدین قریشی اور آل پاکستان ایل پی جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے ملاقات کی۔اس موقع پر بلوچستان میں تیل و گیس کے شعبے کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر غور کیا گیااور ایل پی جی سیکٹر، توانائی کے انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے بلوچستان میں نجی شعبے کی شمولیت اور عوام و نجی شراکت داری کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ صوبے میں پائیدار توانائی کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔بلال خان کاکڑ نے بلوچستان حکومت کی قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے لیے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان حکومت قابل تجدید توانائی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم نجی شعبے کو ایل پی جی ٹرمینلز اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی بھرپور دعوت دیتے ہیں تاکہ صوبے کی توانائی کی ضروریات کو پائیدار طریقے سے پورا کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہائیڈل اور شمسی توانائی کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کرنے کے لیے پالیسی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے مراعات دینا ناگزیر ہے۔اوگرا اور آل پاکستان ایل پی جی ایسوسی ایشن نے بھی بلوچستان میں توانائی کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ فریقین نے مستقبل میں روابط اور اشتراکِ عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

WhatsApp
Get Alert