کسی 1 سیاست دان کو نیب سے سزا نہیں ہوئی: شاہد خاقان عباسی

لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ نون کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آج تک کسی ایک سیاست دان کو نیب سے سزا نہیں ہوئی۔لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب احتساب کا نہیں ایک سیاسی انجینئرنگ کا ادارہ بن چکا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کوئی 50 کروڑ کے گھر اور 6 کروڑ کی گاڑی میں پھرتا ہے تو اس سے پوچھیں کتنا ٹیکس دیا ہے، یہاں کوئی ٹیکس نہیں دیتا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے ترامیم دیں کہ جج بنانے سے پہلے اس کے 10 سال کے ٹیکس ریٹرن دیکھیں۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف کچھ ثابت نہیں ہوا لیکن میں عدالتوں کے چکر لگا رہا ہوں۔
مسلم لیگ نون کے رہنما نے مزید کہا کہ آج ہم اپنے تمام ہمسایوں سے معاشی طور پر پیچھے ہیں، آج برسرِ اقتدار کسی ایک شخص کے خلاف نیب نے کوئی کیس نہیں بنایا۔سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب کے قوانین باہمی مشاورت سے ٹھیک ہو سکتے ہیں۔