بلوچستان کے صحافیوں اور ڈیجیٹل انفلونسرز کا زونگ پاکستان کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ، مینجمنٹ سے ملاقات

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے صحافیوں اور ڈیجیٹل انفلونسرز کا ایک وفد چائنہ موبائل کمپنی زونگ پاکستان کے ہیڈ کوارٹر پہنچا، جہاں کمپنی کی مینجمنٹ سے ملاقات کی گئی۔ ملاقات میں بلوچستان میں انٹرنیٹ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اور دورافتادہ علاقوں میں نئے ٹاورز لگانے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صحافیوں اور انفلونسرز نے بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز کی کمی کا ذکر کرتے ہوئے زونگ سے درخواست کی کہ ان علاقوں میں بہتر انٹرنیٹ سہولت فراہم کرنے کے لیے نئے ٹاورز لگائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے کئی مشکلات کا سامنا ہے۔

زونگ کی مینجمنٹ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ کمپنی بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں سروسز فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم بلوچستان کو صرف آبادی کے حوالے سے نہیں بلکہ رقبے کے لحاظ سے دیکھتے ہیں، اور ہم بلوچستان میں انٹرنیٹ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے تیزی سے اقدامات کر رہے ہیں۔”
زونگ کے عہدیداروں نے کہا کہ “ہم بلوچستان کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی مشکلات سے آگاہ ہیں اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک ہماری خدمات پہنچیں۔”
کمپنی نے مزید کہا کہ وہ جلد ہی بلوچستان کا دورہ کریں گے اور وہاں سروے کرکے ان علاقوں کو ترجیح دیں گے جہاں سروسز کی کمی ہے تاکہ ان لوگوں کو بہترین سہولت فراہم کی جا سکے۔

دورے کے دوران بلوچستان کے وفد کو زونگ کمپنی کے جدید مواصلاتی نظام، کلاؤڈ سرور سسٹم، زونگ ہیڈ آفس میں بنائی گئی مسجد اور سٹاف کینٹین کا بھی دورہ کرایا گیا، اور وفد کو ان تمام سہولتوں کے بارے میں مکمل بریفنگ دی گئی۔
