پیپلز پارٹی کی نئی صوبائی قیادت صوبے کے عوامی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے گی، سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی حالیہ تنظیمِ نو کے تحت سردار عمر گورگیج کو صوبائی صدر، ربانی کاکڑ کو جنرل سیکرٹری اور میر ظہور احمد بلیدی کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کیے جانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اپنے تہنیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ تقرریاں نہ صرف خوش آئند ہیں بلکہ بلوچستان کی سیاست میں ایک مثبت پیش رفت کی علامت بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سردار عمر گورگیج ایک سنجیدہ، معاملہ فہم اور عوام دوست رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں، جبکہ ربانی کاکڑ اور میر ظہور بلیدی کی نئی جماعتی ذمہ داریاں پارٹی تنظیمی ڈھانچے کو مزید مؤثر اور فعال بنائیں گی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں سیاسی جماعتوں کا منظم اور فعال ہونا جمہوریت کی مضبوطی کی علامت ہےانہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کا تسلسل عوامی اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اور ہمیں امید ہے کہ نئی قیادت صوبے کے عوامی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے گی انہوں نے کہا کہ جمہوری روایات کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر بلوچستان کے مفاد میں سوچنے اور کام کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ سیاسی رواداری، برداشت اور باہمی تعاون کا ماحول پیدا کیے بغیر ہم ترقی و استحکام کی منزل تک نہیں پہنچ سکتے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کی حوصلہ افزائی اور سیاسی اداروں کی فعالیت جمہوری نظام کو مستحکم کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی کی نئی صوبائی ٹیم عوامی خدمت، سیاسی شعور کے فروغ اور جمہوری اقدار کی پاسداری میں نمایاں کردار ادا کرے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے دیرینہ مسائل کا حل صرف وسیع تر سیاسی اتفاق رائے اور بین الجماعتی ہم آہنگی سے ہی ممکن ہے، اور ہم سب کو صوبے کے بہتر مستقبل کو سنوارنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert