قائمہ کمیٹی داخلہ اجلاس؛خیرات میں جو دوتہائی اکثریت آ گئی ہے اس سے آپ زیادہ مغرور ہو گئے،نبیل گبول کاطلال چودھری ، چیئرمین سی ڈی اے کے رویے پر اجلاس کا بائیکاٹ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس میں وزیر مملکت طلال چودھری اور چیئرمین سی ڈی اے کے رویےپر پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول بائیکاٹ کر گئے،نبیل گبول نے کہاکہ خیرات میں جو دوتہائی اکثریت آ گئی ہے اس سے آپ زیادہ مغرور ہو گئے،ہم نے پہلے بھی آپ کو حکومت گرا کر دکھائی تھی، اب بھی ہم کر سکتے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ کا راجہ خرم نواز کی زیرصدارت اجلاس ہوا،کمیٹی میں شازیہ مری کی جانب سے سی ڈی اے ترمیمی بل پیش کیاگیا۔
شازیہ مری نے کہاکہ اس افسر کے خلاف تحریک استحقاق لاؤں گی یہ قانون سازی آگے بڑھنے نہیں دیتے،طلال چودھری نے کہاکہ آپ تحریک لائیں میں خود اس کا سامنا کروں گا، رکن پیپلزپارٹی شازیہ مری نے کہاکہ آپ ہمیں دھمکی دے رہے ہیں،طلال چودھری نے شازیہ مری کو جواب دیتے ہوئے کہاکہ دھمکی تو آپ دے رہی ہیں۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول وزیرمملکت طلال چودھری اور چیئرمین سی ڈی اے کے رویے پر کمیٹی سے واک آؤٹ کر گئے،نبیل گبول نے کہاکہ منسٹر صاحب، چیئرمین سی ڈی اے کا پیپلزپارٹی ممبر کی جانب لہجہ بہت تلخ ہے۔
پی پی رہنما نے کہاکہ خیرات میں جو دوتہائی اکثریت آ گئی ہے اس سے آپ زیادہ مغرور ہو گئے،ہم نے پہلے بھی آپ کو حکومت گرا کر دکھائی تھی، اب بھی ہم کر سکتے ہیں،انہوں نے کہاکہ وزیر مملکت کے لہجے اور رویے کے خلاف کمیٹی اجلاس سے بائیکاٹ کرتا ہوں۔
