حکومتی اور دفاعی اداروں پر بھارتی سائبر حملوں کا خدشہ، سیکیورٹی ایڈوائزری جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بھارتی ہیکرز پہلگام واقعےکی آڑ میں بھی حکومتی ڈیٹاحاصل کرنے کے لیے سرگرم ہوگئے، حکومتی اور دفاعی اداروں پر بھارتی سائبر حملوں کے خدشے پر کابینہ ڈویژن نے سائبر سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کردی۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ سائبر سیکیورٹی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وائرس ای میل، واٹس ایپ پیغامات سے مشکوک فائل کےذریعے پھیلایا جاتا ہے، سائبر حملہ آور میلویئر وائرس کی حامل مشکوک فائل پہلگام واقعے کےنام سے بھیجتےہیں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہےکہ میلویئر وائرس کے پاس خاموشی سے ڈیوائس سے ڈیٹا اور تصاویر اکٹھا کرنےکی صلاحیت ہے۔کابینہ ڈویژن کی ایڈوائزری میں نامعلوم ذرائع سےآنے والی ای میلز کو نہ کھولنے اور نظراندازکرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں سفارش کی گئی ہے کہ کسی بھی اٹیچمنٹ کو کھولنےسے پہلے اینٹی وائرس سے سکین کیا جائے اور مشکوک ای میل کی اطلاع فوری طور پر ادارے کے آئی ٹی ایڈمن کو دی جائے۔
ایڈوائزری حکومتی اور دفاعی اداروں کو دہری تصدیق کا نظام اور مضبوط پاسورڈ اپنانے اور کمپیوٹریالیپ ٹاپ پر مضبوط، اپڈیٹڈ اینٹی وائرس انسٹال رکھنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں یہ سفارش بھی کی گئی ہے کہ ناقابل اعتبار کلاؤڈ سٹوریج پر سرکاری یا ذاتی ڈیٹا محفوظ نہ کیا جائے اور نہ ہی آن لائن ڈاکیومنٹ کنورٹنگ ٹولز استعمال کیے جائیں۔
