کراچی: ریسٹورنٹ میں شلوار قمیص پہن کر جانےپرپابندی کیخلاف شہری نے عدالت سے رجوع کرلیا

کراچی(قدرت روزنامہ)ڈیفنس فیز 8 میں واقع ایک ریسٹورنٹ میں شلوار قمیص پہن کر جانے پر پابندی کے خلاف شہری نے کنزیومر کورٹ سے رجوع کرلیا۔
درخواست گزار لطیف بلوچ ایڈووکیٹ کے مطابق وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ مذکورہ ریسٹورنٹ گئے جہاں انتظامیہ نے صرف شلوار قمیص پہننے کی بنیاد پر ا نہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی اور ریسٹورنٹ سے باہر جانے کا کہا۔ انتظامیہ کا مؤقف تھا کہ ریسٹورنٹ کی حدود میں شلوار قمیص میں داخلہ ممنوع ہے۔
لطیف بلوچ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ شلوار قمیص پاکستان کا قومی لباس ہے اوراس پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ریسٹورنٹ انتظامیہ کو معافی مانگنے کا حکم دیا جائے اور اس پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے۔
کنزیومر کورٹ نے کیس کی سماعت 14 جولائی کو مقرر کردی۔
