گوتم گمبھیر کی روی شاستری پر تنقید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت کے سابق کرکٹر اور بی جے پی کے وزیر گوتم گمبھیر نے سابق بھارتی ہیڈ کوچ روی شاستری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ طنزیہ بیانات دیتے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انٹرویو میں جب گوتم گمبھیر سے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے روی شاستری کی کوتاہیوں پر تبصرہ کرنے کو کہا گیا تو سابق بھارتی کرکٹر نے بیرون ملک میچوں میں بھارت کی بڑی جیت کے بعد ان کے بیانات پر تنقید کی۔
گوتم گمبھیر نے کہا کہ ’ایک چیز جس سے مجھے حیرت ہوئی وہ یہ ہے کہ جب آپ اچھا کھیلتے ہیں، تو آپ عام طور پر اس پر فخر نہیں کرتے، اگر دوسرے اس کے بارے میں بات کریں تو یہ ٹھیک ہے۔‘اُنہوں نے کہا کہ ’جب ہم نے 2011 کا ورلڈ کپ جیتا تھا، تو کسی نے یہ بیان نہیں دیا کہ یہ ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم ہے۔‘
سابق بھارتی کرکٹر نے روی شاستری کی کوچنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’جب آپ جیت جاتے ہیں تو دوسروں کو اس کے بارے میں بات کرنے دیں، آپ آسٹریلیا میں جیت گئے، اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایک بڑی کامیابی ہے، آپ نے انگلینڈ میں جیتا، اچھی کارکردگی دکھائی، اس میں کوئی شک نہیں لیکن دوسروں کو تعریف کرنے دیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اب ٹیم کے کوچ راہول ڈریوڈ ہیں اور آپ اُن سے کبھی اس طرح کے بیانات نہیں سنیں گے، بھارت چاہے اچھا کھیلے یا برا، ڈریوڈ کے بیانات ہمیشہ متوازن رہیں گے۔‘گوتم گمبھیر نے مزید کہا کہ ’عاجزی بہت اہم ہے، چاہے آپ اچھا کھیلتے ہو یا بُرا، کرکٹ ہمیشہ نہیں چلے گی۔ مجھے لگتا ہے کہ ڈریوڈ کی سب سے بڑی توجہ کھلاڑیوں کے اچھے انسان بننے پر مرکوز رہے گی۔‘واضح رہے کہ روی شاستری نے آسٹریلیا کے خلاف بھارت کی ٹیسٹ سیریز کی فتح کو 1983 کے ورلڈ کپ کی جیت سے بڑی فتح قرار دیا تھا اور اسی بیان پر گوتم گمبھیر نے اُن پر تنقید کی۔