لانگ مارچ کب کیا جائےگا، اعلان اورفیصلہ قیادت کرے گی، حافظ حمد اللہ

لاہور (قدرت روزنامہ)حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کب کیا جائےگا، اس کا اعلان اور فیصلہ قیادت کرے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس چار گھنٹے تک جاری رہا۔ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کی اجلاس میں نمائندگی موجود تھی۔
انھوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے نمائندوں نے ایجنڈے پررائے دی۔ لاہور کا جلسہ، لانگ مارچ، پہیہ جام ہڑتال، شٹرڈاون سب پرغور کیا جارہا ہے۔حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام شعبہ ہائے زندگی کو ساتھ لے کر احتجاج آگے بڑھایا جائےگا۔ کنونشنز بھی منعقد کئے جانے کی تجویز بھی ہے۔انھوں نے کہا کہ استعفوں کی تجویز بھی موجود ہے۔ گوادرمیں جلسے کی تجویز بھی موجود ہے، لانگ مارچ کب کیا جائےگا، اس کا اعلان اور فیصلہ قیادت کرے گی۔
حافظ حمد اللہ نے مذید کہا کہ پشاور جلسے کو درست طریقے سے میڈیا نے نہیں دکھایا۔ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات چل رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں سترہ نومبرکو جو قانون سازی کی گئی وہ سیاہ دن تھا۔ غلط قانون سازی کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ عدلیہ پربہت بڑے سولات اٹھ گئے ہیں۔ وضاحت عدلیہ اور ججوں نے کرنی ہے۔ موجودہ حکومت کی شکل میں ملک کو بیماری لاحق ہے۔ پی ڈی ایم نے اس مہلک بیماری سے ملک کو نجات دلانی ہے۔
انھوں نے مذید کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کے سربراہان کا کل تین بجے اجلاس ہوگا۔ آج کی تمام تجاویز پر سربراہان کل غور کریں گے۔ پی ڈی ایم سربراہان آئندہ کے لائحہ عمل سے عوام کو آگاہ کریں گے۔ پارلیمنٹ کے اندر بھی کھیلیں گے اور باہر بھی۔