میرے خیال میں عمران خان کے بیٹے پاکستان آکر تحریک نہیں چلا سکیں گے : شاہد خاقان عباسی


لاہور(قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہے کہ یہ واضح نہیں ہے کہ عمران خان کیا چاہتے ہیں، جو بھی جیل میں مل کر آتا ہے وہ مختلف بات کرتاہے ، میرا نہیں خیال کہ عمران خان کے بیٹے پاکستان آ کر تحریک کی قیادت کر سکیں گے اور اس سے کوئی فرق پڑے گا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کی تو ہر وقت ضرورت ہو تی ہے ، جو ہمارے ملک کے حالات ہیں جہاں کوئی نظام نہیں چل رہا، ملکی ترقی نہیں ہو رہی ، ہر پاکستانی ہر سال غریب ہوتا جارہاہے ، ہماری کوئی پالیسی اور ڈائریکشن نہیں ہے ، ہر قسم کے مسائل ہیں، پی ٹی آئی کی تحریک کا مجھے نہیں پتا کہ مقصد کیاہے ، ماضی میں ان کا مقصد انہوں نے بیان کیا کہ ہم نے عمران خان کو جیل سے نکالنا ہے ، اگر یہ مقصد ہے تو یہ تحریک کامیاب نہیں ہو گی، آپ ملک کی بات کریں ۔
انہوں نے کہا کہ جب ملک کی بات کریں گے ، ملک کے نظام کی بات کریں گے ، آئین کی بالادستی کی بات کریں گے ، سیاسی انتشار ختم کرنے کی بات کریں گے تو اسی میں عمران خان کا حل بھی نکل آئے گا ، اگر یہ کہیں گے کہ ہم نے عمران خان کو سڑک پر دباو ڈال کر نکالنا ہے تو یہ ہم نے پہلے کبھی دیکھا نہیں ہے ۔ہماری کوشش یہ تھی کہ جن نکات پر اتفاق ہو سکتا ہے ، اس پر اپوزیشن کی سوچ میں ہم آہنگی پیدا ہو جائے ، پی ٹی آئی سب سے بڑی اپوزیشن کی جماعت ہے ، ان کے پاس حکومت بھی ہے ، انہیں وہاں پر کام کرنا چاہیے، ا ن کی دونوں جگہ ناکامی ہے ، نہ تو وہ اپوزیشن کا کردار ادا کر سکے اور نہ ہی کے پی کے حکومت چلتی ہے ، پہلے اس پر توجہ دیں، تحریک اس کے بعد چلے گی ۔
شاہد خاقان عباسی کا کہناتھا کہ آپ تحریک چلاتے ہیں تو لوگ پوچھے گے کہ آپ اقتدار میں آجائیں گے توہمیں کیا دیں گے تو اس کا جواب کوئی نہیں ہے ، پی ٹی آئی سوچ سمجھ کر اقدامات کرے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ عمران خان کیا چاہتے ہیں، جو بھی جیل میں مل کر آتا ہے وہ مختلف بات کرتاہے ، میرا نہیں خیال کہ عمران خان کے بیٹے پاکستان آ کر تحریک کی قیادت کر سکیں گے اور اس سے کوئی فرق پڑے گا۔

WhatsApp
Get Alert