نامناسب گفتگو، جسمانی چھیڑ چھاڑ اور! اداکارہ ماہا حسن جنسی ہراسانی کا شکار، اہم انکشافات

لاہور(قدرت روزنامہ)معروف پاکستانی اداکارہ ماہا حسن نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے بچپن میں جنسی ہراسانی کے تکلیف دہ تجربات کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح یہ واقعات ان کی ذہنی کیفیت، روحانیت اور ذاتی اقدار پر گہرے اثرات چھوڑ گئے۔
انہوں نے نہ صرف نفسیاتی اثرات پر روشنی ڈالی بلکہ تھراپی، خود شناسی اور عبادت کے ذریعے حاصل ہونے والے روحانی سکون کے سفر کو بھی بیان کیا۔
29 سالہ ماہا حسن نے بغیر کسی کا نام لیے بتایا کہ کم عمری میں ان کے ساتھ نہ صرف نامناسب گفتگو کی گئی بلکہ جسمانی طور پر بھی چھیڑ چھاڑ کا سامنا کرنا پڑا، جس وقت وہ اس سب کی سنجیدگی کو مکمل طور پر سمجھنے سے قاصر تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ 18 سال کے بھی ہوں، تب بھی آپ مکمل طور پر سمجھ نہیں سکتے کہ کون سی چیز حد سے زیادہ اور غلط ہے۔
ماہا نے مزید کہا کہ وہ ہراسانی کرنے والے شخص کے رویے کو جواز فراہم کرتی رہیں اور خود کو قائل کرتی رہیں کہ شاید وہ شخص ذہنی مسائل کا شکار ہے اور اسے مدد کی ضرورت ہے۔ تاہم اب جب وہ ان لمحات کو یاد کرتی ہیں تو انہیں اس بات کا دکھ ہے کہ انہوں نے اس وقت آواز نہیں اٹھائی۔
مجھے آج بھی اس بات کا پچھتاوا ہے کہ شاید میری خاموشی کے باعث دوسری لڑکیاں بھی اس شخص کا شکار بنی ہوں۔
ماہا حسن نے بتایا کہ اس تکلیف دہ تجربے کے بعد وہ روحانی طور پر شدید کشمکش کا شکار ہو گئیں۔ میں نے دین، مذہب، اور اپنی اقدار پر سوال اٹھانا شروع کر دیے۔ مگر تھراپی کے ذریعے انہوں نے خود کو سنبھالا اور نماز کے ذریعے دوبارہ خدا سے ربط قائم کیا۔
اب مجھے نماز میں سکون ملتا ہے، میرا ایمان لوٹ آیا ہے، اور میں اپنے مقام پر مطمئن ہوں، ماہا حسن نے کہا۔
ایک سوال کے جواب میں ماہا نے یہ بھی تسلیم کیا کہ شوبز انڈسٹری میں ہراسانی اور استحصال ایک عام مسئلہ ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انڈسٹری میں مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی اور اس قسم کے تجربات کا شکار نہ ہو۔
ماہا حسن نے 2017 میں ڈرامہ خدا میرا بھی ہے سے اداکاری کا آغاز کیاجبکہ 2020 میں عشقیا اور نند جیسے مقبول ڈراموں نے ان کی فنی صلاحیتوں کو نمایاں کیا۔
بعد ازاں وہ سفر تمام ہوا، یوں ہی، چاند تارا، جرم اور تمہارے حسن کے نام جیسے ہٹ سیریلز میں جلوہ گر ہوئیں۔ ان کی ویب سیریز سپرہیروز، چڑیلز اور فرار بھی ان کے کامیاب کیریئر کا حصہ ہیں۔
