مظفر گڑھ: مدرسے کے 2 اساتذہ کی 4کمسن طلبہ سے بدفعلی، مقدمہ درج

لاہور (قدرت روزنامہ)صوبہ پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں مدرسے کے 2 اساتذہ نے 4 کمسن طلبہ سے مبینہ طورپر جنسی زیادتی کی جس پر پولیس نے اساتذہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے گرفتار اساتذہ کے خلاف طلبہ کے خلاف بدفعلی کا مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علی پور میں ملزمان نے ڈھائی ماہ تک 11 سے 12 سال تک عمر کے چاروں طلبہ کو مبینہ طور پر بدفعلی کا نشانہ بنایا ۔
طلبہ کو دینی تعلیم کیلئے موضع باقر شاہ کے مدرسے میں داخل کرانے کے بعد بچوں نے ڈھائی ماہ تک اساتذہ کی زیادتی برداشت کی اور پھر اپنے اہلِ خانہ کو خود پر ہونے والے ظلم و ستم سے آگاہ کردیا۔
واقعے کا مقدمہ متاثرہ بچوں کے لواحقین کی مدعیت میں تھانہ صدر علی پور میں درج کیا گیا ہے۔ ترجمان پولیس وسیم خان گوپانگ کے مطابق ڈی پی او ڈاکٹر رضوان نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد مدرسے کے دونوں اساتذہ کی گرفتاری کے بعد متاثرہ بچوں اور اساتذہ کا میڈیکل کروایا جارہا ہے۔ واقعے پر مزید تفتیش جاری ہے۔
