کہیں آپ بھی تو اس کے شوقین نہیں! پوری دنیا میں لیبوبا نامی کھلونے کی دھوم، پاکستان میں بھی ٹاپ ٹرینڈ

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان میں اس وقت لیبوبا نامی عجیب و غریب کھلونا ہر طرف دھوم مچا رہا ہے، سوشل میڈیا پر لاکھوں ویڈیوز، تصاویر اور تبصرے، جبکہ گوگل پر ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہونے والا یہ چھوٹا سا کھلونا جو نہایت انوکھے دانتوں، لمبے کانوں اور شرارتی مسکراہٹ کے ساتھ نظر آتا ہے اب صرف بچوں کا نہیں بلکہ نوجوانوں، فیشن کے شوقین افراد کا بھی جنون بن چکا ہے۔
چین کی کمپنی پاپ مارٹ کی جانب سے تیار کردہ اس کھلونے نے دنیا بھر میں اپنی پہچان بنائی اور اب اسے اسٹیٹس سمبل سمجھا جارہا ہے۔
نیویارک کے واشنگٹن اسکوائر پارک میں گزشتہ ماہ جمعرات 12جون کو لوگ صرف ایک مقصد کے لیے جمع ہوئے تھے، لیبوبا کے فیشن شو کے لیے۔
لیبوبا کے مداحوں نے ان ننھے خوفناک کھلونوں کو اپنے بیگ، بستوں، بیلٹ کی ہکس، حتیٰ کہ کتوں کے پٹوں پر لگا کر واک کی۔ سب سے منفرد اور دلکش انداز پیش کرنے والے ماڈل کو نیا لیبوبا کھلونا اور اسے لٹکانے کے لیے ایک پرس انعام میں دیا گیا۔
یہ تقریب اس کھلونے کے گرد پیدا ہونے والے اچانک اور شدید عالمی جنون کی جھلک تھی۔ یہ کھلونا تقریباً 30 امریکی ڈالر میں فروخت ہوتا ہے اور اسے چین کی مشہور کلیکٹیبل کمپنی پاپ مارٹ فروخت کرتی ہے۔
پاپ مارٹ کے مطابق لیبوبا ایک چھوٹا سا عجیب الخلقت مخلوق ہے جس کے لمبے نوک دار کان، کٹے ہوئے دانت اور شرارتی مسکراہٹ ہوتی ہے۔
پاپ مارٹ نے لیبوبا کی سیکڑوں مختلف اقسام تیار کی ہیں، صارفین کو یہ کھلونا کھولنے کے بعد ہی پتہ چلتا ہے کہ انہیں کون سا ماڈل ملا ہے۔
اس وقت ایک کروڑ سے زائد ویڈیوز لیبوبا پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر موجود ہیں اور اکثر یہ کھلونے چند منٹوں میں فروخت ہو جاتے ہیں۔
ان کے مداحوں میں فیشن کی دنیا سے تعلق رکھنے والے افراد، کھلونوں کے شوقین اور والدین بھی شامل ہیں جو یہ کھلونے اپنے بچوں کے لیے خریدتے ہیں۔
لوگ پاپ مارٹ کی دکانوں یا خودکار مشینوں کے باہر گھنٹوں قطاروں میں کھڑے رہتے ہیں اور بعض اوقات بیرون ملک سفر کر کے بھی انہیں حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کچھ نایاب لیبوبا کھلونے دوبارہ فروخت کی ویب سائٹس پر سیکڑوں یا ہزاروں ڈالر میں فروخت ہوتے ہیں۔
