تحریک تحفظ آئین پاکستان کے عہدیداران کا اعلان، محمود اچکزئی چیئر مین مقرر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ آج ایک عام انسان ایک وقت کی روٹی کے لیے ترس رہا ہے،47 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں،تاجر اور کسان رل گئے ہیں،عدلیہ کو مفلوج کردیا گیا ہے،ان حالات میں سیاسی جماعتوں کی خاموشی بہت تشویشناک ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پاکستان 77 سال سے گرداب میں پھنسا ہوا ہے،کہا جاتا ہے کہ انتخابات ہمیشہ دھاندلی زدہ ہوتے ہیں تو اسے بھی تسلیم کریں اور آگے بڑھیں،پاکستان کے نوجوان اور ہم پاکستان کی اس تاریک تاریخ کو نہیں مانتے،ہم میڈیٹ کے ڈاکے پر اب خاموش نہیں بیٹھیں گے،ہم اس تاریخ کو بدلیں گے،پاکستان کے نوجوان کا شعور ٹھاٹھیں مار رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مجلس وحدت المسلمین کے جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور سابق سینٹر مصطفی نواز کھوکھر بھی موجود تھے۔محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات بہتر خراب ہیں اور لوگ اب قیامت سے بہت آگے نکل آئے ہیں، ان حالات میں تحریک تحفظ آئین پاکستان نے طے کیا کہ اب کم چپ نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت لوگوں کو ڈرا دھمکا کر اور مینڈیٹ چوری کرکے بنائی گئی ہے، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں،ایک وزیر نے تسلیم کیا کہ یہ ہائبرڈ نظام ہے،ہمیں پاکستان کی ترقی و استحکام عزیز ہے،اس کا تقاضا ہے کہ حکومت کے خلاف باہر نکلیں۔محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہماری پارلیمنٹ ایک قرارداد پاس کرکہ نیتن یاہو کو جنگی مجرم اور قاتل ڈکلیئر کرے،نیتن یاہو کو دنیا کے سامنے بین الاقوامی عدالت میں بے نقاب کیا جائے،شہباز شریف اور اس کے ساتھی بہت دریا دل آدمی ہیں جنہوں نے ہزاروں فلسطینیوں کے قاتل نیتن یاہو کا ساتھ دینے والے امریکی صدر کو نوبل انعام کے لیے نامزد کیا،26 ویں ترمیم جن حالات میں پاس کوئی وہ سب کو پتہ ہے،ایک پارٹی سے اس کا انتخابی نشان چھینا گیا جو زیادتی کی گئی، اس کا مداوا بھی نہیں کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا ایک پارٹی سے چھینی ہوئی نشستیں باقی پارٹیوں میں بانٹیں جارہی ہیں،کسی پارٹی میں اتنی جرآت نہیں کہ وہ انکار کریں کہ یہ ہماری نشستیں نہیں ہیں،نواز شریف اور پیپلز پارٹی اس بدبختی کو سپورٹ کر رہے ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پاکستان 77 سال سے گرداب میں پھنسا ہوا ہے،کہا جاتا ہے کہ انتخابات ہمیشہ دھاندلی زدہ ہوتے ہیں تو اسے بھی تسلیم کریں اور آگے بڑھیں،پاکستان کے نوجوان اور ہم پاکستان کی اس تاریک تاریخ کو نہیں مانتے،ہم میڈیٹ کے ڈاکے پر اب خاموش نہیں بیٹھیں گے،ہم اس تاریخ کو بدلیں گے،پاکستان کے نوجوان کا شعور ٹھاٹھیں مار رہا ہے۔اس موقع پر سیکر ٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے عہدیداران کا اعلان کیا جس کے مطابق چیئرمین محمود خان اچکزئی، وائس چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، سیکٹری جنرل اسد قیصر، سیکٹری اطلاعات صاحبزادہ حامد رضا، ترجمان اخون زادہ حسین یوسفزئی کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ مصطفیٰ نواز کھوکھر اور بی این پی کے اختر مینگل تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سرکردہ کرداروں میں شامل ہوں گے۔رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان میں کئی جماعتوں کے اہم رہنما شامل ہیں، تحریک آئین کی بالادستی، عدلیہ و جمہوریت کے تحفظ کی جدوجہد کرے گی۔
