گرل فرینڈ کو اپنے دانتوں کا ہار پیش کرنے کی حقیقت سامنے آ گئی
لاہور(قدرت روزنامہ) مصری نوجوان نے اپنی گرل فرینڈ لیزا کو محبت اور وفاداری کا یقین دلانے کیلئے اپنے دانتوں کو اکھاڑ کر ہار بنانے سے متعلق معاملے کی تردید کر دی ہے اور نیونیوز سے گفتگو کے دوران مسکراتے ہوئے اپنی ’بتیسی‘ بھی دکھا دی۔
کچھ روز قبل غیر ملکی میڈیا پر ایک خبر زیر گردش تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ کیک نامی مصری نوجوان نے اپنی گرل فرینڈ لیزا کو محبت اور وفاداری کا یقین دلانے کیلئے اپنے دانتوں کو اکھاڑ کر ہار بناڈالا اور اس ضمن میں ایک نوجوان کی تصویر بھی وائرل تھی جس میں یہ دیکھا گیا کہ اس نوجوان کے منہ میں دانت نہیں ہیں جبکہ ایک اور تصویر میں دانتوں سے بنا ہار بھی دکھایا گیا تھا۔
لیکن اب اس سارے معاملے کی حقیقت سامنے آ گئی ہے اور معلوم ہوا ہے کہ تصویر میں دکھائی دینے والا یہ شخص ایک مصری اداکار مصطفی سلیمان السید ہے جس نے رواں برس اکتوبر میں یہ پوسٹ اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔
اداکار نے تصویر کے کولاج پر عربی زبان میں کیپش بھی درج کیا تھا جس میں لکھا تھا کہ ’میں نے محبت کی خوبصورت مثال دیکھی کہ جب آپ اپنے ہی دانتوں سے ہار بناکر اس شخص کو دیں جس سے آپ محبت کرتے ہیں۔‘
View this post on Instagram
نیو نیوز سے گفتگو کے دوران مصطفی سلیمان نے انکشاف کیا کہ وہ صرف ایک مذاق تھا اور یہ تصویر ایڈٹ کی ہوئی ہے۔ جب اینکر نے یہ سوال پوچھا کہ کیا آپ تصدیق کرتے ہیں کہ وہ خبر جھوٹی تھی؟ تو انہوں نے ناصرف اس کی تصدیق کی بلکہ مسکراتے ہوئے اپنے منہ میں صحیح سلامت موجود موتیوں کی طرح چمکتے دانتوں کی نمائش بھی کی۔