سینئر صحافی منصور علی خان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی کو پروگرام میں لا جواب کر دیا


لاہور(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی منصور علی خان نے پروگرام کے دوران پاکستان مسلم لیگ( ن) کے رہنما نہال ہاشمی کو اپنے سوالات کے جال میں پھنسا دیا اور لیگی رہنما لاجواب ہو گئے جبکہ پی ٹی آئی کے لطیف کھوسہ اس دوران ہنستے رہے ۔
تفصیلات کے مطابق نہال ہاشمی نے اپنی گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ میں کھلے دل سے تسلیم کرتاہوں کہ ہم نے مجبوری سے پیٹرول کی قیمت بڑھائی ہے ، 2 مہینے کے اندر ہم اسے نیچے لے آئیں گے ، منصور علی خان نے سوال کیا کہ کیا آپ 8 فروری کو بھی مجبور تھے ، ؟نہال ہاشمی نے حیرت سے پوچھا کہ کونسی 8 فروری ؟ صحافی نے یاد دلایا کہ 2024 کی8 فروری جس دن الیکشن ہوا تھا۔
نہال ہاشمی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام نے ہم پر اعتماد کیا، ہم پاکستان کے اعتماد پر پورا اترے ، نوازشریف اور شہبازشریف کا ٹریک ریکارڈ ہے ، کوئی اور وزیراعظم بتائیں جس نے پاکستان کے انفراسٹرکچر پر کام کیا ہو، جن کے دور میں پیٹرول اتنا سستا ہو۔
نہال ہاشمی کی پیٹرول سستا ہونے کی بات سن کر منصور علی خان چونک اٹھے اور سوال داغ دیا کہ نہال صاحب آج پیٹرول سستا ہے ؟، آپ کو پیٹرول کی قیمت کا اندازہ بھی ہے کہ کتنی ہے ؟
نہال ہاشمی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ابھی کی بات نہیں کر رہا بلکہ ماضی کی بات کر رہاہوں، ، منصور علی خان نے کہا کہ میں ماضی کیا کروں، میں نے ماضی میں پیٹرول بھروانا ہے یا آج ؟ نہال ہاشمی نے منصور علی خان کو امید دلاتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں آپ کو پیٹرول سستا ملے گا۔
منصور علی خان نے پھر ایک سخت سوال کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آپ سے پوچھا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو کس نے لگایا ہے ؟ جس پر نہال ہاشمی نے کہا کہ وہ شہبازشریف کی کابینہ کے ممبر ہیں لیکن اینکر پرسن جواب پر مطمئن نہ ہوئے اور پھر اپنا سوال دہرایا کہ یہ مجھے پتا ہے کہ وہ کابینہ کے ممبر ہیں لیکن میں پوچھ رہا ہوں کہ انہیں لایا کون؟ جس پر نہال ہاشمی نے جواب دیا کہ ظاہری سی بات ہے کہ وہ شہبازشریف کی ہی چوائس ہیں ۔

WhatsApp
Get Alert