پولیس قافلے پر حملے کی مذمت، حکومت بلوچستان امن کے دشمنوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے قلات سے کوئٹہ آنے والے پولیس قافلے پر چوتو کے مقام پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بزدلانہ کارروائی بلوچستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں قائم مقام ڈی ایس پی انسپکٹر عبدالرزاق اور کانسٹیبل رضا محمد کی شہادت پر حکومت بلوچستان گہرے رنج و غم کا اظہار کرتی ہے اور لواحقین کے ساتھ اس دکھ کی گھڑی میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جاتا ہے ۔
شاہد رند نے بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے کانسٹیبل تاج محمد اور کانسٹیبل خورشید احمد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی جب کہ شہداء کی میتوں اور زخمی اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا جاچکا ہے ترجمان کے مطابق حملے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز کے حوصلے بلند ہیں اور کسی بھی قیمت پر دشمن کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
شاہد رند نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملوث دہشت گردوں و ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان امن کے دشمنوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert