کوئٹہ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا قتل ، جوڈیشل مجسٹریٹ کادونوں کی قبرکشائی کا حکم

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جوڈیشل مجسٹریٹ نے پسند کی شادی کرنے پر قتل ہونے والی خاتون اور مرد کی قبر کشائی کا حکم دیدیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ اخترشاہ کی عدالت میں تفتیشی افسر کی سنجیدی ڈیگاری میں پسند کی شادی کرنے پر خاتون اور مرد کے قتل کیس کی سماعت ہوئی،جوڈیشل مجسٹریٹ نے مقتولین کی قبرکشائی کا حکم دیدیا، جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں ڈیکاری میں مقتول خاتون اور مرد کی قبرکشائی کی جارہی ہے۔ پولیس سرجن سمیت میڈیکل ٹیم قبرکشائی کے عمل میں شریک ہے،قبرکشائی کے بعد مقتولین کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے قتل کا مقدمہ ایس ایچ او نوید اختر تھانہ ہنہ اوڑک مدعیت میں درج کیا گیاتھا، مدعی نے تھانہ میں تحریری درخواست دی کہ ویڈیو وائرل ہوئی جس میں خاتون اور مرد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
متن کے مطابق پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ سنجیدی ڈیگاری مارگٹ پہنچا، معلومات کرنے پر علم ہوا کہ واقعہ عیدالاضحی سے تین روز قبل کا ہے، واقعہ میں بانو بی بی اور احسان اللہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
تمام افراد مرد اور خاتون کو قتل کرنے سے قبل سردار شیر باز خان کے پاس لیکر گئے، مدعی مقدمہ نے کہا کہ واقعہ کے دوران ویڈیو بنائی گئی اور سوشل میڈیو کے ذریعے اپ لوڈ کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلا گیا۔
فائرنگ کرنے والوں میں شاہ وزیر، جلال، ٹکری منیر، بختیار، ملک امیر، عجب خان شامل ہیں، سردار شیر باز خان نے فیصلہ سنایا خاتون اور مرد کار و کاری کے مرتکب ہوئے ہیں، انہیں قتل کردیا جائے۔
معاملے میں جان محمد،بشیر احمد،دیگر 15نامعلوم افراد بھی شامل ہیں، فیصلے کے بعد مرد اور خاتون کو گاڑیوں میں لیکر سنجیدی ڈیگاری مارگٹ لاکر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
دوسری جانب چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے ڈیگاری میں مرد اور خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا، چیف جسٹس نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس کو 22جولائی کو طلب کرلیا۔
