مجھے یہ سمجھ نہیں آ رہی کہ لوگ موسیٰ کو بشریٰ کا بیٹا کیوں کہہ رہے ہیں وہ خاور مانیکا کا بیٹاہے : مریم ریاض وٹو

لاہور(قدرت روزنامہ)بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے موسیٰ مانیکا کی جانب سے ملازم کو گولی مارنے کے معاملے پر کہاہےکہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ سب لوگ یہ کیوں کہہ رہے ہیں کہ وہ بشریٰ بی بی کا بیٹا ہے ، وہ خاور مانیکا کا بیٹا ہے، وہ سات سال سے اپنے باپ کے ساتھ رہ رہاہے ۔
تفصیلات کے مطابق مریم ریاض وٹو نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ اس واقعے کے بعد فیملی کی ملاقات بشری بی بی سے نہیں ہوئی ہے ، وکیلوں کی بھی ملاقات نہیں ہوئی، انہیں عمران خان کی طرح قید تنہائی میں رکھا جاتاہے ، یہ بھی ایک طرح کا ٹارچر ہے ، جب ملاقات ہوتی ہے تو انہیں بتایا جاتا ہے، ،مجھے سمجھ نہیں آتی کہ سب لوگ یہ کیوں بولتے ہیں کہ بشریٰ کا بیٹا، وہ خاور مانیکا کا بیٹاہے ، وہ اپنے باپ کے ساتھ سات سال سے رہ رہا ہے ، جو بھی واقعہ ہوا مجھے اس کی تفصیل معلوم نہیں ، تفتیش ہو گی توپتا چلے گا کہ یہ کیا معاملہ ہے ، بشریٰ بی بی کے پاس تو ٹی وی بھی نہیں ہے ، جو ان تک خبر پہنچ جائے ۔
یاد رہے کہ سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی کے بیٹے موسیٰ مانیکا نے جلد کام نہ کرنے پر اپنے ہی ملازم کو گولی مار کر شدید زخمی کردیا۔موسیٰ مانیکا نے فائرنگ کے بعد جدید اسلحے سے لیس ہو کر زخمی ملازم علی بہادر کو اٹھانے سے بھی منع کر دیا تھا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے فائرنگ سے ملازم کو زخمی کرنے پر موسیٰ مانیکا کیخلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے، واقعے کا مقدمہ زخمی ملازم کے والد کی مدعیت میں تھانہ صدر پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 324 (اقدامِ قتل) کے تحت درج کیا گیا۔
