روس کا لاپتا ہونے والے مسافر طیارے کا ملبہ مل گیا، تمام مسافروں کے ہلاک ہونے کا خدشہ

ماسکو (قدرت روزنامہ)روس کے مشرقی علاقے میں لاپتہ ہونے والے انتونوف-24 مسافر طیارے کا ملبہ مل گیا ہے، جس میں 49 افراد سوار تھے۔ روسی ایمرجنسیز کی وزارت کے مطابق طیارے کا جلتا ہوا ڈھانچہ ایک Mi-8 ہیلی کاپٹر نے تلاش کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت نے جمعرات کو اپنے ٹیلیگرام چینل پر بتایا کہ روس کی سول ایوی ایشن اتھارٹی Rosaviatsiya کے ہیلی کاپٹر نے طیارے کا جلتا ہوا ملبہ دیکھا ہے۔
حکام کے مطابق، یہ دو انجن والا انتونوف-24 طیارہ، انگارا ایئرلائنز کی پرواز پر تھا اور شہر بلاگووشچینسک (Blagoveshchensk) سے ٹنڈا (Tynda) جا رہا تھا کہ دورانِ پرواز ریڈار سے غائب ہو گیا۔ امور ریجن کے گورنر واسیلی اورلوف نے بھی اس بات کی تصدیق کی۔
مقامی ریسکیو اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی گئی فضائی نگرانی کے بعد بتایا کہ ملبے کے مقام پر کسی کے زندہ بچنے کے شواہد نظر نہیں آئے۔
امور ریجن کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق، جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 25 ریسکیو اہلکار اور 5 امدادی گاڑیاں روانہ کی جا چکی ہیں، جب کہ 4 طیارے عملے کے ساتھ الرٹ پر ہیں۔
ریسکیو ٹیموں کو امید ہے کہ جلد وہ موقع پر پہنچ کر مزید تفصیلات حاصل کر لیں گے، تاہم ابتدائی اطلاعات سے حادثے میں تمام افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
