پاکستان ہمارا وطن ہے، غداروں کو کسی صورت معافی نہیں دی جائے گی، سخت سزا دی جائے،حاجی ولی محمد نورزی
بلوچستان کے مسائل کے حل اور ترقی کے لیے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت سرگرم عمل ہے

پاک فوج اور بلوچستان حکومت دہشتگردی کے خلاف ایک پیج پر، بلوچستان کا بچہ بچہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، پارلیمانی سیکرٹری
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما، رکن بلوچستان اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزی نے اپنے ایک اہم اور دوٹوک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ہماری پہچان، ہماری جان اور ہمارا گھر ہے۔ اس عظیم وطن سے غداری کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے لوگوں کو سخت ترین سزا دی جانی چاہیے تاکہ دیگر کو بھی نشانِ عبرت بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ ملک بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا، اور آج بھی اگر اس دھرتی ماں پر کوئی آنچ آئی تو ہم ہر قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔ بلوچستان کے عوام خصوصا نوجوان نسل میں حب الوطنی کا جذبہ بے مثال ہے، صوبے کا ہر بچہ پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔
حاجی ولی محمد نورزی نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان حکومت وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے کو درپیش مسائل کے حل اور دیرپا ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ تعلیم، صحت، روزگار، بنیادی ڈھانچے اور امن و امان کے شعبوں میں عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور بلوچستان حکومت دہشتگردی کے خلاف ایک پیج پر ہیں، ملک دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ریاستی ادارے عوام کی مکمل حمایت اور تعاون کے ساتھ دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے بھرپور انداز میں متحرک ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ بلوچستان کے غیور عوام نے ہمیشہ وطن سے وفاداری کا ثبوت دیا ہے، اور آئندہ بھی پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔
