امریکا کا طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے کا اعلان

واشنگٹن(قدرت روزنامہ) امریکا نے اعلان کیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور افغانستان میں انسانی بحران جیسے دیگر مسائل کو حل کرنے کے لیے اگلے ہفتے قطر میں طالبان کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرے گا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے خصوصی نمائندے ٹام ویسٹ کی قیادت میں امریکی وفد قطر میں طالبان نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔
نیڈ پرائس نے مزید بتایا کہ دونوں فریقین ہمارے اہم قومی مفادات پر تبادلہ خیال کریں گے جس میں عسکریت پسند جماعت داعش اور القاعدہ کے خلاف انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں، انسانی امداد، تباہ حال افغان معیشت اور امریکیوں کی مدد کرنے والے افغانوں کو محفوظ دینا راستہ شامل ہے۔
امریکی خصوصی نمائندے ٹام ویسٹ نے دو ہفتے قبل بھی پاکستان میں طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کی تھی جب کہ جمعے کو اپنے بیان میں انھوں نے کہا تھا کہ امریکا فی الحال صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کو امداد کی فراہمی پر بات چیت کرے گا۔
ٹام ویسٹ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی مالی اور سفارتی مدد حاصل کرنے کے لیے طالبان کو دہشت گردی کو لگام دینے، تمام قومیتوں پر مشتمل جامع حکومت کے قیام، اقلیتوں، خواتین اور لڑکیوں کے احترام اور حقوق کی فراہمی سمیت تعلیم اور روزگار تک مساوی رسائی فراہم کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے امریکا اور طالبان کے درمیان پہلے مذاکرات 9 اور 10 اکتوبر کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوئے تھے جس میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔