امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس، فتنہ الہندوستان اور دہشتگردی کے خلاف سخت کارروائیوں کا عزم


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ایک اہم اور خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں، صوبائی ایکشن پلان، اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، آئی جی ایف سی نارتھ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی جی لیویز سمیت محکمہ داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں صوبائی ایکشن پلان پر عملدرآمد میں حائل رکاوٹوں پر غور کیا گیا اور ان کے تدارک کے لیے مربوط حکمت عملی مرتب کی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا انجام عبرتناک موت ہے۔ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور وفاق، بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر کے لیے زمین تنگ کر دی گئی ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان حکومت کی مکمل حمایت جاری رہے گی۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں سب ورژن اور دہشتگردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے ریاستی ادارے مکمل ہم آہنگی سے سرگرم ہیں اور سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہر قیمت پر امن قائم کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert