انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی بارڈر کراسنگ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان نے بڑی کاروائیاں کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی طور پر بارڈر کراسنگ کی کوشش میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والے ملزمان میں عمید، گل احمد، عبدالرحیم اور برہان خان شامل ہیں۔
گرفتار ملزم عمید کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ ایف آئی اے کے اہلکاروں نے ملزم کو تفتان بارڈر پر گرفتار کیا۔ اس کے بعد، ملزم عمید کی نشاندہی پر انسانی سمگلنگ میں ملوث مزید دو افراد، گل احمد اور عبدالرحیم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ایک اور ملزم برہان خان کے پاسپورٹ پر جعلی امیگریشن اسٹمپ لگی ہوئی تھی، جو کہ اس کے غیر قانونی سفر کی نشاندہی کرتا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق، ملزم برہان خان اس سے قبل ترکی سے بھی ڈیپورٹ ہو چکا ہے۔
تمام ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے اس کاروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی بارڈر کراسنگ کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس قسم کے جرائم کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
