دنیا کے مقابلے میں پاکستان میں مارک اپ اب بھی بلند ترین سطح پر ہے،گوہر اعجاز

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیرتجارت و پیٹرن انچیف آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) گوہر اعجاز نے شرح سود کو 6 فی صد پر لانےکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے مقابلے میں پاکستان میں مارک اپ اب بھی بلند ترین سطح پر ہے،کاروباری برادری کو شرح سود پر شدید تحفظات ہیں۔
گوہر اعجاز نے ایک بیان میں کہا ہےکہ ملکی معاشی گروتھ کے لیے شرح سود میں کمی ضروری ہے، اسٹیٹ بینک کو اپنی سوچ بدلنا ہوگی ، شرح سود 6 فی صد پر لائی جائے اور 30 جولائی کی مانیٹری پالیسی میں ریٹ 6 فیصدکیا جائے۔
گوہر اعجاز نے کہا شرح سود میں کمی سے حکومت کو سود کی ادائیگی میں 30 ہزارارب روپےکی بچت ہو سکےگی،مانیٹری پالیسی معاشی ترقی کا راستہ روک رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صنعت کار مانیٹری پالیسی کمیٹی سے کاروباری سرگرمیوں کو ترجیح دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں، شرح سود میں کمی سے کاروباری لاگت کم ہوگی،کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی اور روزگار ملےگا، سالانہ 5 فیصد مہنگائی کے مقابلے میں 11 فیصد شرح سود نا قابل فہم ہے۔
