کراچی کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب سے ملنے والی مرد اور خاتون کی لاشوں کی شناخت ہوگئی


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب سے ملنے والی مرد و خاتون کی لاشوں کی شناخت ہوگئی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق مقتول نوجوان کو ساجد مسیح جبکہ مقتولہ کو ثناء آصف کے نام سے شناخت کیا گیا ہے، مقتولین کا تعلق گوجرانوالہ کے ایک ہی گاؤں سے تھا۔
پولیس کے مطابق دونوں شادی کرنا چاہتے تھے اور 15 جولائی کو دونوں گھر چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
پولیس کاکہنا ہے مقتولہ ثناء کے بھائی وقاص نے گوجرانوالہ کے تھانہ تتلے علی میں 17 جولائی کو ثناء کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا جس میں ساجد سمیت دیگر 4 افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔
ڈی آئی جی کاکہنا ہےکہ کراچی پولیس اس کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں گوجرانوالہ پولیس سے مسلسل رابطے میں ہے اور مقدمے کے مدعی وقاص کو گوجرانوالہ پولیس نے حراست میں لے لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے مزید بتایا کہ تحقیقات میں اگر ضرورت محسوس ہوئی تو کراچی پولیس گوجرانوالہ جائے گی۔
پولیس کے مطابق ساجد اور ثناءکے والدین میں سے کسی نے رابطہ نہیں کیا تو واقعے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کیا جائے گا۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ دونوں کے قتل میں ممکنہ طور پر کوئی قریبی رشتہ دار ملوث ہے۔
یاد رہے کہ آج کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب سے مرد اور خاتون کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
اس حوالے سے تھانہ بوٹ بیسن پولیس کاکہنا تھا کہ خاتون اور مرد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا، لاشوں کے پاس سے نائن ایم ایم پستول کے دو خول بھی ملے ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتولین کی عمریں 30 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔

WhatsApp
Get Alert