اداکارہ نازلی نصر نے اپنی ازدواجی زندگی کی مشکلات پر خاموشی توڑدی

لاہور(قدرت روزنامہ)سینئر اداکارہ نازلی نصر نےکہا ہےکہ انہوں نے اپنی شادی بچانے کیلئے شوبز چھوڑا، طویل جدوجہد کی لیکن رشتہ برقرار نہ رہ سکا، رشتہ نبھاتے نبھاتے 16 سال گزار دیئے۔وہ ’سماء ٹی وی‘ کے مارننگ شو میں گفتگو کررہی تھیں۔
تفصیل کے مطابق دھواں ڈرامہ سے شہرت پانے والی ٹیلی ویژن اداکارہ نازلی نصر نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی اوربتایا کہ محبت اور دولت دونوں زندگی کے انتہائی اہم جزو ہیں، کیونکہ ان میں سے کسی ایک چیز کے بغیر بھی زندگی گزارنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ فطری طور پر بہت حساس ہیں، اسی لیے اکثر اوقات انہیں دھوکہ بھی ملا ہے، وہ یہی سوچتی رہتی ہیں کہ لوگ کیا سوچیں گے اور اسی وجہ سے اکثر انہیں اپنے شوہر سے ڈانٹ بھی پڑتی ہے کہ کیوں لوگوں کے بارے میں اتنا سوچتی ہو؟ وہ کرو جو تمہارا دل چاہتا ہے۔
نازلی نے اپنی پہلی شادی کے ناکام تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شادی سے پہلے شوبز میں کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور شادی کے کچھ ماہ بعد ہی انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ یہ رشتہ انتہائی مشکل ہے اور معلوم نہیں کہ آگے کیا ہوگا، لیکن پھر بھی انہوں نے اسی رشتے میں سولہ سال گزار دیے۔
