میدان سے فرار بھارتی ٹیم کو ایک بار پھر پاکستان شاہینوں کا سامنا کرنا پڑے گا


لندن(قدرت روزنامہ)ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے پہلے مرحلے میں پاکستان کے خلاف میدان سے فرار ہونے والی بھارتی لیجنڈز ٹیم کو اب سیمی فائنل میں شاہینوں سے ٹکرانا پڑے گا۔بھارتی کھلاڑی شِکھر دھون، ہربجن سنگھ اور یوسف پٹھان نے کہا تھا کہ سیاسی صورتحال اور اپریل کے پہلگام حملے کے پیش نظر پاکستان کے خلاف میدان میں نہیں اتریں گے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے ایک اہم میچ میں بھارتی چیمپئنز نے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے تھے۔ بھارت کی جیت کے بعد سیمی فائنل لائن اپ کو حتمی شکل دے دی گئی۔ اب ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم پاکستان اور چوتھے نمبر پر موجود بھارت 31 جولائی کو آمنے سامنے ہوں گے۔
ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل بھی اسی روز جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا۔ غور طلب ہے کہ اس سے قبل ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے پہلے مرحلے میں پاک بھارت ٹاکرا منسوخ کر دیا گیا تھا۔ بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert