پاکستانی اداکاروں نے جانوروں کے حقوق کیلئے آواز اٹھادی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکاروں نے کراچی کے چڑیا گھر میں جانوروں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔اداکار احسن خان نے اپنی انسٹا اسٹوری پر کراچی کے چڑیا گھر میں جانوروں کے ساتھ ہونے والے سلوک کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنی اسٹوری میں لکھا ’ یہ بہت خوفناک ہے‘۔

انہوں نے اپنی ایک اور انسٹا اسٹوری میں رسول ﷺ کی ایک حدیثِ مبارک کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’ایک جانور کے ساتھ کیاگیا حسنِ سلوک بھی اتنا ہی قابلِ تحسین ہے جتنا کہ ایک انسان کے ساتھ کیا گیا حسنِ سلوک، جبکہ ایک جانور کے ساتھ برا سلوک کرنا اتنا ہی برا ہے جتنا کہ ایک انسان کے ساتھ برا سلوک کرنا برا ہے‘۔

اداکار احمد علی بٹ نے جانوروں کے ساتھ اس ناروا سلوک پر لکھا کہ’ خدا کے لیے! ان جانوروں کا خیال رکھیں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ ظلم کی انتہا ہے غریب بے بس ہے‘۔

اداکارہ انوشے اشرف نے کراچی کے چڑیا گھر میں جانوروں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پرافسوس کرتے ہوئے سوال کیا کہ’ یہ زمین پر کیا ہو رہا ہے؟‘

اداکارہ اریبہ حبیب نے جانوروں کے ساتھ اس سلوک پر اپنی انسٹااسٹوری پر وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ’یہ دل دہلا دینے والی خبر ہے‘۔

جبکہ اداکارہ عائشہ عمر نے اپنی انسٹا اسٹوری پرکراچی کے چڑیا گھر سے وائرل ہونے والی کچھوؤں کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ دیکھ کر ان کا دل رورہا ہے کہ ان کچھوؤں کو ان کے قدرتی ماحول سے نکالا گیا اور پھر یہاں ان کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کنٹریکٹر نے ادائیگی نہ کرنے پر کراچی کے چڑیا گھر میں جانوروں کی خوراک روک دی تھی۔رپورٹس کے مطابق مناسب غذا نہ ملنے کے باعث شیر اور بندر سمیت کئی جانور لاغر ہو گئے تھے۔بعدازاں کنٹریکٹر کی جانب سے جانوروں کو خوراک کی فراہمی بحال کر دی گئی تھی، کنٹریکٹر امجد محبوب کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کہ چڑیا گھر انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد خوراک بحال کی گئی۔