ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پانے کا اعلان کر دیا


واشنگٹن(قدرت روزنامہ)پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں بڑی پیش رفت، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ مکمل ہو چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ٹریڈ ڈیل حتمی شکل اختیار کر چکی ہے اور اب دونوں ممالک توانائی کے شعبے، خصوصاً تیل کی تنصیبات کی ترقی کے لیے باہمی اشتراک سے کام کریں گے،ہم اس وقت ایک آئل کمپنی کے انتخاب کے مرحلے میں ہیں جو اس پارٹنرشپ کی قیادت کرے گی۔
انہوں نے مستقبل کی جھلک دکھاتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے ایک دن پاکستان، بھارت کو تیل فروخت کرتا نظر آئے۔
پاکستان کی وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کامیاب معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا ہے اس معاہدے کا مقصد دو طرفہ تجارت کا فروغ ، منڈیوں تک رسائی کو بڑھانا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی امریکی سیکرٹری کامرس ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر سے ملاقات کے دوران ہوئی۔
اس حوالے سے جاری اپنے ویڈیو بیان میں وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ اس معاہدے سے دونون ممالک کو فائدہ ہوگا، تجارت اور سرمایہ کاری کو ساتھ ساتھ چلنا چاہیے۔ وزیرِ خزانہ کے مطابق، اس معاہدے میں وسیع تر اقتصادی، دوطرفہ اور اسٹریٹجک شراکت داری ابھر کر سامنے آئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert