آزاد امیدوار صائمہ خالد کا سینیٹ ضمنی انتخاب کیخلاف عدالت جانےکا اعلان


پشاور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی رہنما اور آزاد امیدوار صائمہ خالد نے سینیٹ ضمنی انتخاب کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا۔
صائمہ خالد نے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سینیٹ انتخاب میں ایک جعلی ووٹ برآمد ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ پرریٹرنگ افسر کے دستخط نہیں تھے، سینٹ انتخاب پر شدید تحفظات ہیں، اس کے خلاف عدالت میں رٹ دائرکروں گی۔
صائمہ خالد کاکہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ دھاندلی کی مخالفت کی ہے، اپنے لیڈر کے ویژن پر حق و سچ کے لیے عدالت جاؤں گی۔
یاد رہےکہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں ثانیہ نشترکے استعفے کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر آج پولنگ ہوئی جس میں حکومتی حمایت یافتہ آزاد امیدوار مشال یوسفزئی کامیاب قرار پائیں۔
کے پی اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں حکومتی حمایت یافتہ آزاد امیدوار مشال یوسفزئی کو 86 ووٹ ملے جبکہ اپوزیشن کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار مہتاب ظفر 53 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
سینیٹ کی نشست کے لیے تیسری آزاد امیدوار صائمہ خالد کو صرف ایک ووٹ ملا۔

WhatsApp
Get Alert