اقوامِ متحدہ کی کانفرنس میں زرتاج گل اور امین اسلم میں لڑائی ہوئی: ریاض فتیانہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے انکشاف کیا ہے کہ وزیرِ مملکت زرتاج گل اور وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے درمیان اقوامِ متحدہ کی ماحولیات کانفرنس میں لڑائی ہوئی ہے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رانا تنویر حسین کی زیرِ صدارت ہوا جس میں اقوامِ متحدہ کی ماحولیات کانفرنس میں زرتاج گل اور امین اسلم کے درمیان ہونے والی لڑائی کی تحقیقات کا حکم دیا گیا۔ریاض فتیانہ نے اجلاس کو بتایا کہ گلاسکو میں زرتاج گُل معاونِ خصوصی امین اسلم کے ساتھ لڑ کر وطن واپس آ گئیں۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کو انہوں نے بتایا کہ گلاسکو کانفرنس میں افسران کی نا اہلی کے باعث پاکستان کی نمائندگی غیر معیاری تھی۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی نے مزید بتایا کہ نیپال اور دوسرے ممالک کے وفد کو پاکستان کیمپ میں کسی افسر نے ریسیو نہیں کیا۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں ریاض فتیانہ نے یہ بھی بتایا کہ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے نااہل افسران کے باعث کروڑوں روپے ضائع ہوئے۔چیئرمین پی اے سی رانا تنویر نے آڈٹ حکام کو زرتاج گل اور امین اسلم کی لڑائی کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔