کوئٹہ: رکن صوبائی اسمبلی میر لیاقت علی لہڑی کی ایس ایس پی ٹریفک ڈاکٹر محمد سمیع سے اہم ملاقات
ٹریفک نظام میں بہتری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر تبادلہ خیال

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)رکن بلوچستان اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی نے گزشتہ روز ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ ڈاکٹر محمد سمیع سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
اس موقع پر شاہ رخ لہڑی بھی موجود تھے
ملاقات کا مقصد کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل، ٹریفک نظام کی بہتری، اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ٹیکنیکل و ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینا تھا۔
ملاقات کے دوران مختلف اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی، جن میں سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے، سگنل سسٹم کی بہتری، جدید ٹریفک مینجمنٹ ٹیکنالوجی کے استعمال، اور عوام میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم شامل ہیں۔ میر لیاقت علی لہڑی نے کہا کہ کوئٹہ میں بڑھتی ہوئی آبادی اور گاڑیوں کی تعداد کے پیش نظر ایک مربوط، جدید اور مؤثر ٹریفک نظام وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے مابین بہتر روابط اور باہمی تعاون سے نہ صرف مسائل کا بروقت حل ممکن ہے بلکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات بھی فراہم کی جا سکتی ہیں۔ ایس ایس پی ٹریفک ڈاکٹر محمد سمیع نے اس موقع پر یقین دلایا کہ ٹریفک پولیس شہریوں کی سہولت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اقدامات جاری ہیں۔
