مریم نواز اور شاہدخاقان کیخلاف توہینِ عدالت کی درخواست خارج

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نوازاورشاہد خاقان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسسٹس اطہرمن اللہ نےدرخواست کے قابل سماعت ہونے پرمحفوظ فیصلہ سنایا۔کلثوم نامی خاتون وکیل نے توہین عدالت کی درخواست اسلام آباد ہوئیکورٹ میں دائرکی تھی۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے کہا کہ درخواست گزارسابق چیف جسٹس پر تنقید سے رنجیدہ نظر آتی ہیں۔ سابق چیف جسسٹس پرتنقید توہین عدالت کے زمرے میں نہیں آتی۔عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا کہ توہینِ عدالت کا قانون ججز کو نہیں بلکہ مقدمہ کے فریقین کی حفاظت کیلئے ہے۔ ججز کا کام انصاف کی فراہمی ہے، ججز کو عوامی تنقید سے استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔ ایک آزاد جج تنقید سے کبھی بھی متاثر نہیں ہوتا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ توہینِ عدالت کی کارروائی صرف اور صرف عوامی مفاد میں عمل میں لائی جاتی ہے۔ ایک جج ریٹائرمنٹ کے بعد ایک پرائیویٹ پرسن ہوتا ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد جج کسی بھی عدالت کا حصہ نہیں رہتا۔ ایک پرائیویٹ پرسن کی ہتک عزت پر توہین عدالت کی کارروائی نہیں بنتی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا کہ قانون میں پرائیویٹ پرسن کی عزت کی حفاظت کیلئے دیگرشکیں موجود ہیں۔ سابق چیف جسٹس کو ان کی ذاتی حیثیت میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ذاتی حیثیت میں تنقید پر توہینِ عدالت کی کارروائی نہیں ہوسکتی۔ درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کی جاتی ہے۔