کہیں آپ کے ساتھ بھی فراڈ تو نہیں ہوا! جانتے ہیں پی ٹی اے نے جوئے اور سٹے بازی کی 184ویب سائٹس کیوں بند کردی ہیں؟


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے آن لائن جوئے، سٹے بازی اور غیر قانونی بیٹنگ میں ملوث 184 ویب سائٹس اور موبائل ایپلی کیشنز کو بند کر دیا ہے، یہ انکشاف کابینہ ڈویژن نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریری جواب کے ذریعے کیا۔
قومی اسمبلی میں جمع کروائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ اب تک پی ٹی اے نے 184 ایسی ویب سائٹس اور ایپس کو بلاک کیا ہے جو جوئے اور بیٹنگ جیسی سرگرمیوں میں ملوث تھیں تاہم جواب میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی پی ٹی اے کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی جو ان سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
کابینہ ڈویژن نے مزید بتایا کہ تمام سرکاری اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ایسی کمپنی سے معاہدہ نہ کریں جو جوئے یا بیٹنگ جیسی ممنوعہ سرگرمیوں میں ملوث ہو۔
جواب میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ پی ٹی اے کو موجودہ قوانین کے تحت صرف غیر قانونی آن لائن مواد کو ہٹانے یا بلاک کرنے کا اختیار حاصل ہے جبکہ اس سے آگے کی کارروائی متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔
اس سے قبل پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پر غیر قانونی مواد کے پھیلاؤ کے خلاف انتباہ بھی جاری کیا تھا جس میں واضح کیا گیا تھا کہ آزادی اظہار ایک بنیادی حق ہے لیکن اس کا غلط استعمال، جیسے کہ توہینِ مذہب، نفرت انگیز تقاریر، قومی اداروں کے خلاف پراپیگنڈا، یا فحش و جھوٹی معلومات کی اشاعت، ناقابل قبول ہے ۔
پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آن لائن فراڈ، جوا، یا کسی بھی غیر قانونی ڈیجیٹل سرگرمی سے دور رہیں اور ایسے پلیٹ فارمز کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ ڈیجیٹل ماحول کو محفوظ اور قانون کے دائرے میں رکھا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert