عمران خان کو بنی گالہ منتقل ہونے، سسٹم کو ماننے اور خاموش رہنے کی پیشکش ہوئی لیکن وہ اس پر تیار نہیں : سہیل وڑائچ

لاہور(قدرت روزنامہ)سینئرصحافی سہیل وڑائچ نے انکشاف کیاہے کہ وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور جب عمران خان کے پاس پیشکش لے کر گئے تو انہوں نے باقاعدہ جوتی اتار لی تھی ، عمران خان کو پیشکش کی گئی تھی کہ وہ بنی گالہ چلے جائیں اور سسٹم کو مانتے ہوئے خاموش بیٹھ جائیں ۔
سہیل وڑائچ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو آفر کی جاتی رہی ہے لیکن وہ اسے ناکافی سمجھتے ہیں، انہیں پیشکش کی گئی تھی کہ بنی گالہ چلے جائیں ، سسٹم کو مان لیں اور خاموشی سے بیٹھ جائیں، وہ اس پر راضی نہیں ہیں، علی امین گنڈا پور پیغام لے کر گئے تھے تو عمران خان نے باقاعدہ جوتی اتار لی تھی ، وہ دراصل صلح پر تیار ہیں لیکن شرائط پر تیار نہیں ہیں، کرسی سے نیچے پر وہ تیار نہیں ہیں، یہ کرسی تو ابھی نہیں ملے گی ، اگر انہیں اقتدار ملے تووہ پھر معافی مانگنے سمیت سب کرنے پر تیار ہوں گے ۔
سینئر صحافی کا کہناتھا کہ نوازشریف اور بینظیر بھٹو شہید فوج سے لڑتے رہے اور صلح کرتے رہے ، وہ راستہ نکالتے تھے ، یہ راستہ نہیں نکال رہے ، علی امین اور گوہر علی راستہ نکالنا چاہتے ہیں لیکن عمران خان اس وقت اپنے نظریے میں پھنس چکے ہیں ، حقائق کے ساتھ آشنائی ہی اصل لیڈرشپ ہے ، اگر آپ یہ سمجھیں کہ آپ کی شہرت ہے ، آپ کی شہرت ہو گی لیکن کیا وہ شہرت حقائق کو بدل سکتی ہے ۔جب تک قبولیت نہیں ہو گی پاکستان میں اقتدار نہیں ملتا۔
