پاکستان ریلویز اور حکومت بلوچستان کے مابین پیپلز ٹرین سروس شروع کرنے پر اتفاق

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان ریلویز اور حکومت بلوچستان کے مابین پیپلز ٹرین سروس شروع کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ سریاب سے کچلاک تک پیپلز ٹرین سروس کے روٹ پر مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور عملی اقدامات جلد شروع کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پیپلز ٹرین سروس کو جلد فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ حکومت بلوچستان بیرون ملک سے انجن اور بوگیاں خریدنے کے بجائے پاکستان ریلویز سے یہ سامان حاصل کرے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے یقین دہانی کرائی کہ چھ ماہ کے اندر انجن اور بوگیاں سمیت تمام ضروری سہولتیں فراہم کر دی جائیں گی۔ پاکستان ریلویز نے دستیاب انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کو جلد شروع کرنے کی بھی تیاری کر لی ہے، جس پر حکومت بلوچستان اور پاکستان ریلویز متفق ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پیپلز ٹرین سروس بلوچستان کے عوام کو باعزت، سستی اور تیز رفتار سفری سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز ٹرین سروس کے آغاز سے مقامی افراد کو بہترین اور معیاری سفری سہولتیں ملیں گی اور یہ سریاب تا کچلاک روٹ پر عوام کی سفری سہولتوں میں جدت کا نیا دور ثابت ہوگا۔
میر سرفراز بگٹی نے اجلاس میں یہ بھی کہا کہ وہ پیپلز ٹرین سروس کے ہر مرحلے کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
