گوادر میں پانی کی قلت پر اعلیٰ سطح اجلاس، وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) گوادر میں پانی کی قلت اور بجلی کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور گوادر کے آبی مسائل، چیلنجز اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ برقی عدم استحکام اور ایران سے بجلی کی بندش کے باعث گوادر میں ڈی سیلینیشن پلانٹس کی بلا تعطل فعالیت میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ خضدار سے گوادر قومی گریڈ لائن کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث وولٹیج میں تسلسل نہیں رہتا، جس سے پانی کی فراہمی کا نظام متاثر ہوتا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ گوادر کے پانی کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے خضدار تا گوادر نیشنل گریڈ لائن کا ازسرِ نو جائزہ لینے اور ضروری اصلاحات پر زور دیا۔ مزید برآں، ڈی سیلینیشن پلانٹس کو پاور ہاؤس اور جنریٹرز کے ذریعے چلانے کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گوادر کے پانی اور بجلی کے مسائل کے دیرپا حل کی ہدایت جاری کی اور حکم دیا کہ وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن، منصوبہ بندی کمیشن اور متعلقہ سیکرٹریز 15 اگست کو گوادر پہنچیں۔ انہوں نے زور دیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشاورت سے گوادر کے شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

WhatsApp
Get Alert