ایک اور پاکستانی اداکار کی بھارتی فلم انڈسٹری میں انٹری؛ فلم کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار عمران اشرف اب بھارتی پنجابی سینما میں قدم رکھ رہے ہیں۔ ان کی پہلی بھارتی پنجابی فلم اینا نوں رہنا سہنا نی آوندا کا ٹریلر حال ہی میں جاری کیا گیا ہے جس میں وہ ایک غیر قانونی تارک وطن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
فلم کی کہانی مزاح، جذبات اور سماجی مسائل کا حسین امتزاج ہے جس میں عمران اشرف کے ساتھ بھارتی پنجابی گلوکار جسی گل بھی نمایاں کردار میں موجود ہیں۔ فلم کے ٹریلر کو مداحوں نے خوب سراہا ہے اور سوشل میڈیا پر عمران اشرف کو بے پناہ دعائیں دی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں مودی سرکار کے انتہا پسندوں نے کسی بھی پاکستانی اداکار کی فلم پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کر رکھی ہے۔ فواد احمد کی فلم کو سینما گھروں کی زینت بننے سے روکا گیا اور ہانیہ عامر کی فلم کو بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
اس کے باوجود پاکستانی اداکار عمران اشرف کا کسی بھارتی پنجابی فلم میں کردار ادا کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کو پاکستانی فنکاروں کی ضرورت ہے۔
فلم اینا نوں رہنا سہنا نی آوندا کو 16 مئی کو ریلیز کیا جانا تھا تاہم اب یہ 22 اگست کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
عمران اشرف کا یہ قدم نہ صرف ان کی فنی صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم بھی ہے۔
