شادمان تھانہ جلاؤ گھیراؤ کیس، شاہ محمود قریشی بری، یاسمین راشد سمیت دیگر کو سزائیں

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو شادمان تھانہ جلاؤ گھیراؤ اور پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات سے بری کر دیا گیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے دونوں کیسز کا فیصلہ سنا دیا، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
اے ٹی سی لاہور کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ سنایا، تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں 19 ملزمان کا ٹرائل مکمل کیا گیا۔
ملزموں میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ شامل ہیں۔
تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں کل 41 ملزم نامزد ہیں جبکہ 15 ملزم اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں۔
تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں 6 ملزمان زیر حراست جبکہ ایک ملزم وفات پا چکا ہے، ملزمان کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
دوسری جانب بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے کا ٹرائل کوٹ لکھپت جیل میں مکمل کیا گیا، ملزمان میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد شامل ہیں۔
بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، میاں محمودالرشید، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید بھی شامل ہیں۔
گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں کل 25 ملزم نامزد ہیں جبکہ 7 ملزم اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں، بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 12 ملزموں کا ٹرائل مکمل کیا گیا۔
بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 5 ملزم زیر حراست جبکہ ایک ملزم وفات پا چکا ہے، ملزموں کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
