ترقیاتی بجٹ کی پائی پائی موثر اور شفاف انداز میں خرچ کررہے ہیں، احسن اقبال
پاکستان کو دفاعی اور سفارتی محاذ پر تاریخی کامیابی ملی ہے، وزیر منصوبہ بندی وترقی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو دفاعی اور سفارتی محاذ پر تاریخی کامیابی ملی ہے، ترقیاتی بجٹ کی پائی پائی موثر اور شفاف انداز میں خرچ کررہے ہیں۔
وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال سے چوہدری لطیف اکبر، اسپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں آزاد جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر اور وزیر مواصلات اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے فنڈز جاری کئے جائیں گے، پاکستان کو دفاعی اور سفارتی محاذ پر تاریخی کامیابی ملی ہے، ترقیاتی بجٹ کی پائی پائی موثر اور شفاف انداز میں خرچ کررہے ہیں، آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات پاکستان کی معیشت کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کمپلیکس کی تعمیر کے لئے وزارت منصوبہ بندی کا مکمل تعاون جاری رہے گا، راتوہا ھریام پل کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، جلد مکمل کیا جائیگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس دہندگان کے تناسب کی شرح بہت کم ہے، ترقی کے لئے ہمیں ٹیکس کلچر کو فروغ دینا ہے، کشمیر، گلگت بلتستان اور سابق فاٹا کے لئے نئے این ایف سی ایوارڈ میں حصہ رکھا جائیگا۔
